17 دسمبر ، 2013
کراچی…پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کی ملاقات ہوگی، ڈی جی ایم اوز کون ہوتے ہیں اور ان کے پاس کیا ذمہ داریاں ہوتی ہیں،ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز، فوج کا ایک ایسا اہم ترین افسر ہے جس کا کردار زمانہ امن اور حالت جنگ میں مرکزی ہوتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال کی فوری اطلاع سب سے پہلے ڈی جی ایم او کو دی جاتی ہے اور پھرسرحدوں یا ایل او سی پر تعینات فوجی اس کی ہدایات کے مطابق رد عمل دیتے ہیں۔ دوران جنگ ڈی جی ایم او اعلیٰ عسکری قیادت کی ہدایات اگلے مورچوں تک پہنچاتا ہے، جنگ کی منصوبہ بندی کرتا ہے اور اس پر عمل درآمد بھی کراتا ہے۔ ڈی جی ایم او ہر قسم کی صورتحال سے آرمی چیف کو باخبر رکھتا ہے۔ زمانہ امن میں بھی ڈی جی ایم او چھوٹے آپریشنز کی سرپرستی کرتا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے تحت امن فوجی دستوں کی بھی مانیٹرنگ کا ذمہ دار ہوتا ہے۔