پاکستان
17 دسمبر ، 2013

پنجاب میں دھند کے باعث حادثات،جاں بحق افراد کی تعداد9ہو گئی

پنجاب میں دھند کے باعث حادثات،جاں بحق افراد کی تعداد9ہو گئی

اسلام آباد…پنجاب میں آج بھی گہری دھند کا راج ہے، کئی شہروں میں دن کے وقت بھی حد نگاہ صفر رہی ، ٹریفک حادثات میں تین بھائیوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔پنجاب ان دنوں گہری دھند کی لپیٹ میں ہے۔ لاہور، گجرانوالہ،فیصل آباد، ملتان ،مظفرگڑھ، وہاڑی، بہاولپور،سرگودھا، اورجھنگ سمیت کئی میدانی علاقوں میں تیسرے دن بھی دھند سورج کی کرنوں کوزمین پر آنے سے روکتی رہی۔ ایسے میں کئی شہروں میں حد نگاہ صفر ہوگئی جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ گاڑیاں رینگتی رہیں، ٹرینیں لیٹ ہوتی رہیں، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، جس نے جلدی اور بے احتیاطی کی وہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ مظفر گڑھ میں ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار تین بھائی جاں بحق ہوگئے۔ خانیوال روڈ، وہاڑی اور گوجرانوالہ میں بھی ٹریفک حادثات میں چار افراد زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ 15 زخمی ہوئے۔ دوپہر 12 بجے کے بعد دھند چھٹی اور معمولات زندگی بحال ہوئے مگر شام ہوتے ہی ایک بار پھر دھند چھاگئی۔خیبرپختونخواہ میں ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ بلوچستان میں ضلع خاران اور آس پاس کے علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا سلسلہ جنوری کے پہلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 9 رکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :