17 دسمبر ، 2013
پشاور…پشاور پولیس نے ڈیڑھ سال سے تاج آباد میں جاری گرے ٹریفکنگ کے غیر قانونی دھندے کو آخر کار بے نقاب کر ہی ڈالا۔ دو افغان ملزمان کو گرفتارکیا اور ان کے قبضے سے انتہائی مہنگی جی گیٹ نامی دو مشینیں ،17 ہزار 895 غیر قانونی افغان سمیں، نو موبائل فون اور دیگر آلات برآمد کیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق پشاور میں قائم غیر قانونی ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک افغانستان کے دارالحکومت کابل سے منسلک تھا۔ اس غیر قانونی دھندے کا مالک کینیڈا میں مقیم ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان اور قبضے میں لیا گیا سامان ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا جو مزید تفتیش کرے گا۔ پی ٹی اے کے قانون کے مطابق ان کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔ پشاور میں گرے ٹریفکنگ کے دھندے سے جہاں خیبر پختونخوا میں سنگین جرائم کی روک تھام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بڑے چیلنج سے کم نہیں۔ وہیں اس سے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کو ٹیکس اور ڈیوٹیز کی مد میں اربوں روپوں کا نقصان بھی پہنچا ہے۔