پاکستان
18 دسمبر ، 2013

کراچی میں خالد بن ولید روڈ پر مبینہ دہشت گردی کی کوشش ناکام

کراچی میں خالد بن ولید روڈ پر مبینہ دہشت گردی کی کوشش ناکام

کراچی …کراچی میں خالد بن ولید روڈ پر مبینہ دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ پولیس کے مطابق 2 خواتین کی امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش سیکورٹی گارڈز نے ناکام بنادی،خواتین کوروکنے کے دوران دھماکاخیزموادان کے ہاتھ میں پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور دوسری زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق دو خواتین فیروزآباد تھانے کی حدود میں خالد بن ولید روڈ پر واقع مرتضیٰ امام بارگاہ کے قریب رکشے سے اتر کر امام بارگاہ کی طرف جارہی تھیں ، سیکویرٹی گارڈ نے انہیں تلاشی کے لئے روکا، اس دوران خاتون کے ہاتھ میں موجود دھماکہ خیزمواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع پر ہلاک ہوگئی جبکہ گارڈ کی فائرنگ سے دوسری خاتون زخمی ہوگئی، دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکہ دستی بم کا لگتا ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متاثرہ جگہ کو گھیرے میں لیکر عام شہریوں کے لیے بند کردیا۔ڈپٹی ڈائریکٹرجناح اسپتال سیمی جمالی کے مطابق دھماکے سے ہلاک خاتون کی لاش اور زخمیوں کو جناح اسپتال لایا گیا، زخمیوں کو چھرے لگنے کے زخم بھی آئے ہیں۔دھماکے کی جگہ سے ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والی خواتین ساس بہو ہیں۔

مزید خبریں :