دنیا
19 دسمبر ، 2013

امیگرینٹ کیلئے دروازے بند نہیں کر سکتے،امریکی رکن کانگریس ایرک سوالویل

 امیگرینٹ کیلئے دروازے بند نہیں کر سکتے،امریکی رکن کانگریس ایرک سوالویل

ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہخصوصی… سان فرانسسکو سے امریکی ایوان نمائندگان (کانگریس) کے رکن کانگریس مین ایرک سوالویل نے کہا ہے کہ امریکہ اُس وقت ہی حقیقتاً امیگریشن کمیونٹی کیلئے خوابوں کی جنت بن سکتا ہے جب ایوانِ اقتدار میں بیٹھے ہوئے نمائندے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے امیگریشن اصلاحات کا بل پاس کریں وہ یہاں ڈیلس کے شہر پلانو میں ڈاکٹر محمد طارق اور عائشہ طارق کی جانب سے ان کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ ڈنر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کی معیشت کا تمام تر دارومدار امیگرینٹ (تارکینِ وطن) پر ہے اور اس سلسلے میں امیگرینٹ کمیونٹی نے پچھلے دور میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے کہ ہم کسی طور ان امیگرینٹ کیلئے اپنے دروازے بند نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے کانگریس کے اراکین پر مشتمل ایک گروپ تشکیل دیا ہے جس میں پہلے 20 اراکین تھے تاہم یہ تعداد اب بڑھ کر 30 ہو گئی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے گروپ کی کوشش ہے کہ افہام و تفہیم کے ذریعے ملکی ایشوز پر بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ میں ری پبلکن گھرانے میں پیدا ہوا ہوں اس طرح آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ میرے ڈی این اے میں ری پبلکن عنصر بھی شامل ہے اور آئندہ ہونے والے انتخابات میں میرا مدمقابل بھی اس بات کا پرچار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاہم میں ڈیموکریٹ ہوں اور ری پبلکن کو بھی اچھی طرح جانتا ہوں کہ اُن سے کس طرح بات چیت کی جائے اس لئے میں نے ری پبلکن کانگریس کے اراکین کو کئی ایشوز پر بات چیت کے ذریعے متاثر کیا اور حکومت کے شٹ ڈاؤن کے دوران ہم نے مل بیٹھ کر بات چیت کی اور مسئلہ کا حل تلاش کیا۔ سوال و جواب کے وقفہ کے دوران مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے صدر سید فیاض حسن نے ان کی توجہ کانگریس ویمن شیلا جیکسن کی جانب سے طالبان کے خلاف جدوجہد کرنے والی نوعمر طالبہ ملالہ کو امریکہ کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دینے کیلئے کانگریس میں متوقع طور پر پیش کئے جانے والے بل کی جانب مبذول کراتے ہوئے اس کی حمایت کیلئے اُن سے اپیل کی جس پر انہوں نھے کہاکہ اگر اس طرح پہلے بھی کسی غیر امریکی کو کانگریس نے اس طرح کا اعزاز دیا ہے تو وہ ضرور اس بل کی حمایت کریں گے اور اس کو اسپانسر بھی کریں گے جس پر سید فیاض نے بتایا کہ اس طرح پہلے بھی غیر امریکی کو یہ اعلیٰ اعاز مل چکا ہے۔ اس موقع پر فنڈ ریزنگ ڈنر کے آرگنائزر ڈاکٹر طارق اور عائشہ طارق نے آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ٹیکساس جنرل اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان ہاشمی‘ ان کی اہلیہ مرجان پاشا ہاشمی‘ مسلم ڈیموکریٹک کاکس امریکہ کے چیئرمین سید فیاض حسن‘ میڈیا ترجمان راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ ڈاکٹر جیل اور متعدد ڈاکٹرز اور ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے جنہوں نے کانگریس مین ایرک سوالویل کو بھرپور مدد فراہم کی۔ ڈاکٹر طارق نے اس موقع پر کہاکہ کانگریس میں ایرک کے مخالف پیٹ اسٹیک نے جب وہ کانگریس میں تھا تو اسٹیک قانون متعارف کرایا جس کی وجہ سے امریکہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی ڈاکٹرز کسی صورت نہیں چاہتے کہ وہ کانگریس مین واپس کانگریس میں آئے اس لئے ہم ایرک کو بھرپور مالی مدد فراہم کریں گے۔

مزید خبریں :