19 دسمبر ، 2013
کراچی…سندھ حکومت نے شہدائے کربلاکے چہلم کے موقع پر کراچی، حیدر آباد، سکھر اور خیر پور میں ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ موبائل فون سروس بند کرنے پر غور کے ساتھ وفاقی حکومت سے حساس مقامات پرفوج کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے چہلم پر فوج کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ حساس مقامات پر فوج کی بیک اپ سپورٹ دی جائے۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کا چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا، جس میں سندھ کے چار بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر اور خیر پور میں 23اور 24دسمبر کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ان چاروں شہر وں میں موبائل فون سروسز بند کرنے پر بھی غور کیا گیا۔