22 دسمبر ، 2013
پشاور…پشاور میں دفاع پاکستان کونسل کے قومی جرگے نے قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اورکہا ہے کہ حکومت پاک فضائیہ کو ڈرون گرانے کی اجازت دے، پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ سے باہرنکلے۔ دفاع پاکستان کونسل کے جرگے نے ایک قرارداد منظور کی، جس میں کہا گیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن بند کیا جائے، تمام مسائل گفت وشنید سے حل کیے جائیں، حکومت پاک فضائیہ کو ڈرون گرانے کی اجازت دے۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے رہنما مولانا سمیع الحق نے قرار داد کے اہم نکات پڑھ کر سنائے ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خارجہ پالیسی کو قومی امنگوں سے ہم آہنگ کیا جائے، طالبان سے مذاکرات کیے جائیں اورفوجی آپریشن بند کیا جائے جبکہ فاٹاآپریشن کے دوران متاثرہونے والے افراد کومعاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ قرارداد کے مطابق پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیرجوش وخروش سے منایا جائے گا، قرارداد میں خیبرپختون خوا میں نیٹوسپلائی بند کرنے کی حمایت کی گئی ۔مولانا سمیع الحق نے جرگے کے شرکاء سے قراداد کی منظوری لی۔ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کے جرگے میں جمعیت علماء اسلام( س) کے مولانا سمیع الحق، جماعت الدعوة کے حافظ سعید، دفاع پاکستان کونسل کے حمید گل اور جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ بھی شریک تھے۔