24 دسمبر ، 2013
لاہور…معروف شاعر قتیل شفائی کے مداح آج ان کی سالگرہ منارہے ہیں، آئیے مل کر ان کی یادیں تازہ کرتے ہیں۔ بیشمار مجبوباوٴں کے جھرمٹ میں زندگی بسر کرنے والے ممتاز شاعر قتیل شفائی پانچ ہزار سے زائد فلمی گیتوں کے خالق ہیں۔ قتیل شفائی 24دسمبر 1919ء کو ہری پور ہزارہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا والد کا نام محمد فیروزخان جبکہ ان کا اصل نام اورنگزیب خان تھا ۔انہوں نے بطور نغمہ نگار 1948ء میں فلم ”تیری یاد“ سے ابتداء کی۔وہ عمر بھر محبتوں کے سفر پر رہے، وہ محبتیں کرتے ہی نہیں، محبتیں بانٹتے بھی تھے۔ قتیل نے کبھی اپنے کسی جنون پر پردہ نہ ڈالا۔ عشق جب جب کیا، خوب کیا۔ اقبال بانو کی آواز میں ان کی غزل،دل توڑنے والے نے کافی شہرت حاصل کی۔ قتیل کے گیتوں اور غزلوں میں مقصدیت بھی ملتی ہے اور انسانی کیفیات کی جھلک بھی۔ شام غم کیسے ڈھلی، یاد نہیں۔قتیل کا یہ گیت1969ء میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ”ناز“ میں اداکارہ شبنم پر فلمایا گیا،اس گیت کو بعد میں بھارت کی تین فلموں میں شامل کیا گیا۔ان کا انتقال 11جون 2001ء کو 82سال کی عمر میں ہوا۔