24 دسمبر ، 2013
لاہور…پاکستان اوربھارت کے سرحدی محافظوں کا اہم اجلاس رینجرز ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہوا۔ جس میں سرحد پر بلااشتعال فائرنگ، اسمگلنگ کی روک تھام، غیرقانونی بارڈرکراسنگ اور قیدیوں کے تبادلے سمیت دیگر اہم امور پربات چیت کی گئی۔ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کا 13رکنی وفد ڈی جی بی ایس ایف سبھاش جوشی کی قیادت میں5روزہ دورے پرپاکستان پہنچا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل طاہرجاوید خان نے واہگہ بارڈر پر استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ بعدمیں دونوں ممالک کے سرحدی محافظ رینجرز ہیڈکوارٹر لاہورپہنچے، جہاں ان کااہم اجلاس ہوا۔ پاکستان رینجرزکی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی ڈی جی رینجرز پنجاب طاہر جاوید خان اور بھارتی وفدکی قیادت سبھاش جوشی نے کی۔ اجلاس میں بارڈر پر بلا اشتعال فائرنگ، اسمگلنگ کی روک تھام، غیرقانونی بارڈر کراسنگ، قیدیوں کے تبادلے، غیرقانونی دفاعی تعمیرات، بھارتی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کے ذریعے پاکستانی فضائی حدودکی خلاف ورزی سمیت دیگر سرحدی امور پر گفتگو کی گئی۔