پاکستان
26 دسمبر ، 2013

بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ممکن نہیں،الیکشن کمیشن اور قائمہ کمیٹی میں اتفاق

 بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ممکن نہیں،الیکشن کمیشن اور قائمہ کمیٹی میں اتفاق

اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے تجویز دی ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جنوری کے بجائے مارچ میں کرائے جائیں۔ الیکشن کمیشن حکام نے بھی تسلیم کیا کہ دونوں صوبوں میں مقررہ تاریخوں پر بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے امور جائزہ لیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 30 کروڑ اور سندھ میں 3 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 30 جنوری تک ممکن نہیں۔ اس کے علاوہ سندھ اور پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے خلاف 4 ہزار کے قریب اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن حکام اور قائمہ کمیٹی کے ارکان نے اتفاق کیا کہ سندھ میں 18 اور پنجاب میں 30 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ قائمہ کمیٹی نے تجویز دی کہ دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرائے جائیں، اس حوالے سے دونوں صوبے سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔

مزید خبریں :