01 جنوری ، 2014
کراچی…2013 ہوا رخصت اور 2014 کا ہوا آغاز۔ اور ایسا آغاز ہوا کہ دیکھنے والے دانتوں میں انگلیاں دے بیٹھے۔ دنیا بھر میں نئے سال کی آمد کی خوشی میں شاندار آتش بازی نے رات میں بھی دن کا سماں کردیا۔ امریکا کے ٹائمز اسکوائر پر دلکش آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور وہاں موجود ہزاروں افراد نے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لئے برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو کے کوپاکبانابیچ پرشاندارآتش بازی کی گئی، لاکھوں کی تعداد میں بیچ پر لوگ موجود تھے جنہوں نے رقص کرتے ہوئے نئے سال کا جشن منایا۔سال 2014 کا استقبال برطانیہ میں شاندار انداز میں کیا گیا۔ لندن کے بِگ بین نے جیسے ہی 12 بجے کا گھنٹا بجایا، آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا۔ لندن آئی اور اس کے اطراف میں کی گئی خوبصورت آتش بازی نے دیکھنے والوں کے دل جیت لیے۔ سرخ، سبز، نیلے پیلے شراروں کے رقص کا دل فریب منظر بہت دیر تک جاری رہا۔دبئی کا برج خلیفہ نئے سال کے آغاز کی خوشی میں رنگوں کی برسات میں نہا اٹھا۔2014 کو خوش آمدید کہنے کے لیے برج خلیفہ سمیت پام جمیرا میں 6 منٹ کے دوران 400 مقامات پر چار لاکھ فائر ورکس استعمال کرکے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا گیا۔اس خوبصورت نظارے کو دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ جمع تھے۔روسی دارالحکومت ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اکٹھا ہوئے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔یونان میں 12 بجتے ہی ایتھنز کی فضا آتش بازی کی روشنیوں سے جگمگا اٹھی۔شدید سردی کے باوجود شہریوں نے سال نو کے جشن میں بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔اس سے قبل تائیوان میں بھی نئے سال کی آمد کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا اور آتش بازی کی گئی۔چین میں بھی لوگوں نے نئے سال کو نئی امنگوں کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ ہانگ کانگ ، شنگھائی اور دیگر شہروں میں سال نو کی آمد پر آتش بازی کے دلکش مظاہرے کیے گئے۔جاپان میں نئے سال کو دعائیہ تقریب کے ذریعے خوش آمدید کہا گیا، ٹوکیو ٹیمپل کے اطراف ہزاروں لوگوں نے سال نو کی آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر نئے سال کی خوشی میں سات رنگوں کی آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے بقعہ نور بن گیا، ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اور سال 2014 کو خوش آمدید کہنے ساحل پر جمع ہوئے۔دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں گھڑی کی سوئیوں نے 12 کے ہندسے کو چھوا۔ کاؤنٹ ڈاؤن مکمل ہوتے ہی آکلینڈ کے 328 میٹر بلند اسکائی ٹاور پر رنگا رنگ آتش بازی کا آغاز ہوا۔ امیدوں اور خوشیوں سے جگمگاتے چہروں نے گاتے گنگناتے ہوئے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔