پاکستان
07 جنوری ، 2014

ندیم نصرت کے والد انتقال کرگئے،الطاف حسین کی تعزیت

 ندیم نصرت کے والد انتقال کرگئے،الطاف حسین کی تعزیت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت کے والد نصرت حسین کے انتقال پر دلی صدمہ اورگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ ندیم نصرت کی طرح ان کے والد نصرت حسین اوردیگراہل خانہ نے بھی ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن کے دوران مسلسل چھاپوں اورجبرکاسامناکیااورحالات کے باعث انہیں اپناگھراورشہرچھوڑکردیارغیرآناپڑا۔ نصرت حسین کے انتقال پر مجھے ذاتی طورپر دلی صدمہ اوردکھ پہنچاہے ۔ انہوں نے ندیم نصرت اوران کے تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں ۔انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ نصرت حسین مرحوم کی مغفرت فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اورتمام اہل خانہ کویہ صدمہ برداشت کرنے کاحوصلہ عطاکرے۔ دریں اثناء ندیم نصرت کے والد نصرت حسین علالت کے باعثمنگل کو کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے۔(انالللہ وانا الیہ راجعون)، مرحوم کی عمر76سال تھی،وہ کافی عرصہ سے گردوں اوردل کے عارضے میں مبتلاتھے۔مرحوم نصرت حسین ایم کیوایم کے خلاف ریاستی آپریشن شروع ہونے کے بعدحالات کے جبرکے باعث ندیم نصرت کی والدہ او ردوسرے بیٹے کے ہمراہ لندن چلے گئے تھے۔ایک سال قبل ندیم نصرت کی والدہ کابھی طویل علالت کے باعث لندن میں انتقال ہوگیا تھا ۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرزڈاکٹرخالد مقبول صدیقی، ناصرجمال ،ارکان رابطہ کمیٹی حیدررضوی، ڈاکٹرصغیراحمد،توصیف خانزادہ اوردیگرذمہ داران مقامی اسپتال پہنچ گئے اورندیم نصرت کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔

مزید خبریں :