08 جنوری ، 2014
نیویارک…امریکا میں موسم سرما کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور تقریبا تمام ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔ سردی اور برف باری کی وجہ سے حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔امریکا میں سردی کا طوفان ابھی تھما نہیں جہاں لوگوں کو پچھلے 20سال کے سب سے سرد موسم کا سامنا ہے۔ برفانی ہواؤں نے وسطی علاقوں کے بعد مشرقی اور جنوبی ریاستوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، پورے ملک میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آگیا۔ بعض علاقوں میں درجہٴ حرارت منفی 50 سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔ نیویارک شہر میں سردی کا 118 سالہ ریکارڈ ٹوٹا جہاں درجہٴ حرارت منفی 4سینٹی گریڈ رہا۔ شدید سردی کے باعث اب تک 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ،ان میں اکثریت بے گھر افراد کی ہے۔ موسم کے باعث امریکا میں 4روز کے دوران 11ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران سردی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ ماہرین نے حالیہ سرد موسم کے باعث 5ارب ڈالر کے معاشی نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔