09 جنوری ، 2014
کراچی…وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خودکش حملے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 3سی آئی ڈی اہلکاروں کی شہادت کے افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا عزم متاثر نہیں ہوگا، ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم بہادر افسر تھے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان جیسے بہادر افسر کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔آصف زرداری نے چوہدری اسلم کی شہادت پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے دھماکے کی مذمت کی۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے خودکش حملے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی شہادت پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سفاک قاتلوں نے میرے ایس پی کو شہید کردیا۔ گورنر سندھ عشرت العباد کا کہنا ہے کہ چوہدری اسلم کی جرأت وبہادری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیر اطلاعات سندھشرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پولیس ایک بہادر، نڈر اور ایماندار افسر سے محروم ہوگئی، بزدلانہ کارروائیوں سے فورسز کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔