10 جنوری ، 2014
واشنگٹن…امریکامیں بھارتی سفارتکار دیویانی کھوبرا گڑے پر ویزا فراڈ اور نوکرانی سے بْرا سلوک کرنے کے الزامات میں فردجرم عائد کردی گئی ہے۔ امریکی حکومت نے ان سے ملک چھوڑنے کی درخواست کی ہے۔ نیویارک کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں گرینڈ جیوری نے دیویانی پر فرد جرم عائد کی۔ وکیل استغاثہ نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا کہ ملزمہ کو سفارتی استثنا حاصل ہے اور وہ سماعت کے دوران عدالت میں موجود نہیں ہوں گی۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ دیویانی امریکا سے جاچکی ہیں تاہم بعد میں امریکی اٹارنی کے دفتر سے جاری وضاحتی بیان کے مطابق دیویانی کے وکیل نے انہیں مطلع کیا ہے کہ ان کی موکلہ ابھی امریکا میں ہی ہیں۔ دوسری جانب ایک امریکی عہدے دار کا کہنا ہے کہ دیویانی کھوبرا گڑے سے امریکا چھوڑنے کی درخواست کی گئی ہے۔ غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ درخواست امریکا اور بھارت کے درمیان سفارتی بحران حل کرنے کے لیے ممکنہ انتظامات کا ایک حصہ ہوسکتی ہے۔