10 جنوری ، 2014
اسلام آباد…جوہری طاقت رکھنے والے 9 ممالک میں پاکستان ایٹمی سیکیورٹی میں سب سے زیادہ بہتری لانے والا ملک بن گیا ہے۔ اس کے علاوہ 25 ممالک میں ایٹمی مواد کی حفاظت کے حوالے سے بھی پاکستان کی رینکنگ بھارت سے بہتر ہوگئی ہے۔ یہ بات امریکی ادارےThe Nuclear Threat Initiative کے جاری کردہ نیوکلیئر میٹیریلز سیکیورٹی انڈیکس برائے 2014 میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایٹمی مواد کی حفاظت کے لیے 25 ممالک میں پاکستان کا نمبر 22 ہے جبکہ بھارت 23 ویں اور چین 20 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 9 ایٹمی طاقتوں میں ایٹمی مواد کی سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی رینکنگ میں 2012 کی نسبت تین درجے بہتری آئی ہے۔ یہ کسی بھی ایٹمی ملک کی بہتری میں سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ایٹمی سیکورٹی کے قواعد و ضوابط کو تازہ ترین بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے اور ان پر سب سے زیادہ بہتر طور پر عمل درآمد کر رہا ہے۔