11 جنوری ، 2014
لاہور…پیپلزپارٹی کے رہ نمااورپاکستان ہاکی فیڈریشن کیسابق صدرقاسم ضیاء کی بیٹی کی گاڑی کی ٹکر سے ایلیٹ فورس کااہلکارزخمی ہو گیا، پولیس نے انعم ضیاء کو حراست میں لے کرمقدمہ درج کر لیا ہے۔ملزمہ کے زیر استعمال گاڑی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملکیت تھی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدرقاسم ضیاء کی بیٹی انعم ضیاء نے میڈیا کو بتایا کہ وہ سہیلی کے گھرجا رہی تھیں،ماڈل ٹاوٴن میں وزیراعلیٰ ہاوٴس کیسامنے گاڑی ریورس کرتے ہوئے کانسٹیبل کو نہ دیکھ سکیں اورگاڑی کی زدمیں آ کر کانسٹیبل زخمی ہو گیا،انعم ضیاء کے مطابق انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس پولیس کودے دیاہے اورقانونی چارہ جوئی کے وکیل سے رابطہ کر رہی ہیں۔ دوسری جانب ایس پی ماڈل ٹاوٴن طارق عزیز سندھوکے مطابق انعم ضیاء کی گاڑی کی رفتارتیزتھی،ان کے خلاف279 اور 427 کی دفعات کے تحت پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔زخمی کانسٹیبل اشفاق حیدری ماڈل ٹاوٴن کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہے،جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔قاسم ضیاء بھی بیٹی کی مدد کیلئے ماڈل ٹاوٴن تھانا پہنچ گئے ۔