12 جنوری ، 2014
فیصل آباد…فیصل آباد بارکے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران وکلا کے حامیوں نے کھلے عام جدید اسلحے کی نمائش اورشدید ہوائی فائرنگ کی مگر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔فیصل آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی، ابھی گنتی کا عمل جاری ہی تھا کہ اچانک ڈسٹرکٹ بار گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ امیدواروں کے حامیوں نے جدید اسلحے سے ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ کی آواز سن کر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، اس کے باوجود فائرنگ ہوتی رہی اورپولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔فائرنگ اتنی شدید تھی کہ قریبی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس موقع پر کچھ امیدواروں کے حامیوں نے بھنگڑے بھی ڈالے۔