13 جنوری ، 2014
صحبت پور…صحبت پور کے قریب دھماکے سے تباہ ہونے والی سوئی گیس کی پائپ لائن کی مرمت چوبیس گھنٹے بعد بھی شروع نہ ہوسکی،کوئٹہ کو سوئی گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو سردی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ سوئی سے شکار پور آنے والی اٹھارہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کوگزشتہ شب ضلع صحبت پور میں دھماکے سے تباہ کردیا گیا تھا۔ سوئی سے یہ پائپ لائن ڈسٹری بیوشن سینٹرشکار پور آتی ہے جہاں سے بلوچستان کو سوئی گیس کی فراہمی کی جاتی تھی۔ دھماکے سے تباہ ہونے والی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام سیکیورٹی کلیئرننس کی بنا پرچوبیس گھنٹوں سے زائد گزرجانے کے بعد بھی شروع نہیں کیا جاسکا۔ شکار پور سے گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے کوئٹہ کے بیشترعلاقوں میں گیس سپلائی معطل ہے اورسخت سردی میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔