18 جنوری ، 2014
کابل…کابل میں ایک ریسٹورنٹ پر خودکش حملے میں 16افرادہلاک ہوگئے۔ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے 16 افراد میں سے اکثریت غیر ملکیوں کی ہے۔کابل میں واقع مشہور ریسٹورنٹ کے باہر خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ اس کے 2ساتھی پچھلے راستے سے ریسٹورنٹ کے اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔ افغان حکام کے مطابق سیکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ میں دونوں حملہ آوربھی مارے گئے۔ پولیس کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر غیر ملکی شامل ہیں۔ افغانستان میں اقوام متحدہ مشن کے ترجمان کے مطابق ان کے 4 ملازم بھی ریسٹورنٹ کے قریب موجود تھے جو ، اب تک لاپتا ہیں۔برطانوی وزارت خارجہ نے ایک برطانوی شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ لبنان سے تعلق رکھنے والا آئی ایم ایف کا مقامی نمائندہ بھی لقمہ اجل بن گیا۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا نشانہ غیر ملکی حکام تھے۔