21 جنوری ، 2014
اسلام آباد…وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان کا کہناہے کہ سائبرکرائم قوانین کا مسودہ فروری جبکہ تھری جی نیلامی کا عمل مارچ میں مکمل کرلیاجائیگا۔ سیکریٹری آئی ٹی کہتے ہیں کہ پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 12 کروڑ 90 لاکھ ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پہلااجلاس چیئرمین کیپٹن صفدر کی زیر صدارت پارلے منٹ ہاوٴس میں ہوا۔ وزیر مملکت انوشے رحمان نے بتایاکہ اپریل تک ٹیلے کام پالیسی تیار کر لی جائے گی۔ سیکریٹری آئی ٹی اخلاق تارڑ نے بتایاکہ ملک میں 72 فیصد آبادی کے پاس موبائل فون ہے۔ سابق وزیر آئی ٹی اویس لغاری نے سوال اٹھایا کہ یونیورسل سروس فنڈ اور ریسرچ ڈویلپمنٹ کے اربوں روپے کہاں ہیں؟وزیرمملکت نے کہاکہ یہ رقم 67 ارب روپے ہے جو یونیورسل سروس فنڈ کی کمپنی کے پاس نہیں بلکہ حکومت نے نیشنل بینک میں رکھ دی ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ اس بارے میں قائمہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی جائے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے ایک ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز سے بلوچستان اور فاٹا میں فائبر آپٹک اور ٹیلے سینٹر منصوبوں کے جائزہ کے لیے سب کمیٹی قائم کردی ہے۔