22 جنوری ، 2014
مستونگ… بلوچستان کے ضلع مستونگ میں زائرین کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق اور 35 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ تفتان سے زائرین کی دو بسیں کوئٹہ آرہی تھیں، مستونگ کے علاقے درین گڑھ میں ایک بس خراب ہوگئی جبکہ دوسری تھوڑے آگے آگئی ۔ اس دوران کار میں سوار مبینہ خودکش حملہ آور نے کار زائرین کی بس سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے بس اور ساتھ آنے والی دو گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ حملے میں استعمال ہونے والی کار بھی ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی۔ واقعے کے بعد لیویز، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں کو پہلے مستونگ اسپتال اور بعد میں کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 80 سے سو کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی، مجلس وحد ت مسلمین، کوئٹہ یکجہتی کونسل، شیعہ کانفرنس اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے واقعے کی مذمت کی ہے جبکہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے آج کوئٹہ میں شٹر ڈاوٴن ہڑتال اور تحفظ عزاداری کونسل نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب حملے کی ذمے داری کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی نے قبول کرلی ہے۔