22 جنوری ، 2014
اسلام آباد…چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری اوگرا عمل در آمد کیس میں سپریم کورٹ پیش ہو گئے ، ان کا کہنا ہے کہ اوگرا کیس بڑا اسکینڈل ہے ، جس کی تفتیش کے لیے وہ کچھ بڑے افسران سے ملاقاتیں کر چکے ہیں، عدالت نے چیئرمین نیب کو کل پوری تیاری کے ساتھ دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اوگرا عمل درآمد کیس کی سماعت کی۔چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری نے عدالت کو بتایا کہ توقیر صادق سے متعلق چار نکاتی عدالتی فیصلے پر مشاورت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں ہوگی۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس سنتے26 ماہ گزر گئے،کیس کی آج 40 ویں سماعت ہے ، جبکہ عمل درآمد کرانے کے لیے اب تک 21 حکم نامے جاری کیے، مزید تاریخیں نہیں دے سکتے۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کے آغا نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب آرڈیننس سیکشن 18 کے مطابق عدالت کو نیب کی کارروائی میں مداخلت کا محدود اختیار ہے، جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ نیب یہ چاہتا ہے کہ ہم اس کی خراب کاکردگی پر آنکھ بند کرلیں،تو ایسا ہر گز نہیں ہوگا۔