24 جنوری ، 2014
اسلام آباد…عدالتی احکامات کو تنقید کا نشانے بنانے پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوکر معافی مانگ لی ، ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی گئی۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، شاہد خاقان کاکہنا تھا کہ وہ عدلیہ کا دل سے احترام کرتے ہیں، پریس کانفرنس کے دوران اگر زبان پھسل گئی ہو تو وہ غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ اگر وزراء عدالتی احکامات کی تضحیک کریں گے تو عام افراد کو بھی شہ ملے گی۔ عدالت نے ان کی معافی منظور کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔ سی این جی اسٹیشنز کھولنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کو تنقید کا نشانہ بنانے پر وزیر پٹرولیم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔