24 جنوری ، 2014
اسلام آباد…وزیر اعظم نواز شریف قومی اسمبلی کی آئندہ اجلاس میں ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی اور ملکی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 27جنوری کو طلب کرلیا گیا ہے، جس میں وزیر اعظم دہشت گردی کی حالیہ لہر کے حوالے سے ارکان سے تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ عوامی مسائل اورحکومتی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ اجلاس میں تحفظ پاکستان ترمیمی آرڈیننس2014ء پر بھی ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے دوران ایوان میں موجود تمام جماعتوں کو دہشت گردی اور ملکی صورتحال کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔