30 جنوری ، 2014
کوئٹہ…گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق افغان عالم دین مولانا عبداللہ ذاکری کو کوئٹہ میں سپرد خاک کردیاگیا۔افغان علماء اتحاد کے امیر مولانا عبداللہ ذاکری کو گذشتہ روز سبزل روڈ پرنامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیاتھا۔ ان کی نماز جنازہ آج ایوب اسٹیڈیم میں اداکی گئی جس کی اقامت ان کے صاحبزادے مفتی عبدالقیوم نے کی۔ مولانا عبداللہ کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،بعد میں انہیں سبزل روڈ کے قریب قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔ دوسری جانب مولانا عبداللہ ذاکری کے قتل کیخلاف جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے زیر اہتمام چمن پھاٹک کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ 80سالہ عبداللہ ذاکری کوئٹہ میں 20سال سے قیام پذیر تھے۔