03 فروری ، 2014
اسلام آباد…حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان پہلا رابطہ ہوا ہے، طالبان کی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر عرفان صدیقی اور میجر(ر)عامرسے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ عرفان صدیقی نے جیو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا سمیع الحق سے بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور انہوں نے جلد مذاکرات کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔ عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومتی کمیٹی مذاکرات کے لیے تیار ہے، جو وقت دیں گے، جہاں چاہیں گے مذاکرات کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طالبان کی کمیٹی کے گرین سگنل کے انتظارمیں تھے، نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ہماری طرف سے کوئی تاخیرنہیں، طالبان کی کمیٹی کل صبح یا شام جس وقت بھی کہے گی ہم ملنے کیلئے تیار ہیں، وقت اور دن کا تعین کردیں ملاقات کے لئے حاضر ہوجائیں گے۔ عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ کھلے دل کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ طالبان کی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے میجر(ر)عامرسے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔