04 فروری ، 2014
اسلام آباد…اوگرا میں کرپشن اور چیئرمین کی غیر قانونی تقرری کے علیحدہ ریفرنسز دوبارہ احتساب عدالت میں داخل کردیے گئے،کرپشن ریفرنس میں توقیر صادق اور عقیل کریم ڈھیڈی سمیت 12 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ نیب نے اوگرا میں کرپشن اور سابق چیئرمین توقیر صادق کی تقرری سے متعلق دو الگ ریفرنسز جمع کرائے ہیں۔ رجسٹرارآفس نے تصدیق کی ہے کہ ریفرنس پر اعتراضات دور کردیے گئے ہیں، اوگرا میں اربوں روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں بارہ ملزمان نامزد ہیں جن میں توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی، منصور ظفر، میرکمال بجارانی، جواد جمیل، ضیا، عبدالرشید لون، زوہیر صدیقی، عظیم اقبال صدیقی، سید ارسلان اقبال، یوسف انصاری اور مرزا محمود احمد شامل ہیں۔سابق چیئرمین اوگرا کی غیر قانونی تقرری کے ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، توقیر صادق ، شوکت درانی، جاوید نظیر، اور سکندر حیات میکن کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔