06 فروری ، 2014
اسلام آباد… سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کے غیر قانونی تقرر پر نیب نے اپنے ریفرنس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 6 ملزمان نامزد کیے ہیں۔ نیب ریفرنس میں احتساب عدالت سے تمام ملزمان کا ٹرائل کر کے سزا سنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ احتساب عدالت میں دائر کیے گئے نیب ریفرنس کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جان بوجھ کرسابق وفاقی وزیر پانی وبجلی راجہ پرویز اشرف کو چیئرمین اوگرا کی سلیکشن کمیٹی کا انچارج مقرر کیا، راجا پرویز اشرف نے بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی توقیر صادق کی تقرری کی سفارش کی، کابینہ ڈویژن کے سکندر حیات میکن نے جان بوجھ کر توقیر صادق کی نااہلیت کو چھپایا اوراسی بد نیتی کے باعث توقیر صادق تقرری کے لیے انٹرویو کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ نیب ریفرنس کے مطابق سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا جاوید نذیر نے اسکروٹنی اور شارٹ لسٹنگ کمیٹی کے رکن کی ذمہ داریاں نہیں نبھائیں،نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ انوسٹی گیشن کے دوران حاصل کیے گئے شواہد میں تمام ملزمان بدعنوانی میں ملوث پائے گئے،عدالت تمام ملزمان کا قانون کے مطابق ٹرائل کر کے سزا سنائے،سپریم کورٹ نے توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تقرری کالعدم کر دی تھی۔