پاکستان
06 فروری ، 2014

بلوچستان : بیشتر علاقوں میں بارش و برف باری،قلات سرد ترین مقام رہا

بلوچستان : بیشتر علاقوں میں بارش و برف باری،قلات سرد ترین مقام رہا

کوئٹہ …کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ چند دنوں سے کہیں بادوباراں ہے تو کہیں برفباری ،آج بھی کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں چار روز سے ابر رحمت برس رہا ہے،اس دوران وادی کوئٹہ اور اردگرد کے پہاڑوں پر برفباری بھی ہوتی رہی،پہاڑوں پر گذشتہ ماہ ہونے والی برف تو پگھل ہی گئی تھی مگر دو روز سے وقفے وقفے سے جاری برفباری سے پہاڑ ایک بار پھر برف سے اٹ گئے ہیں،بارش نے وادی کے ماحول اور فطری حسن کو ایسا نکھار دیا ہے کہ خوبصورت کوئٹہ ایک بار پھر عہد درفتہ کو آواز دے رہا ہے،موسم بہار سے قبل بارش سے ماحول کی آلودگی کا خاتمہ ہوا تو درخت، پودے اور پھول تو نکھر ہی گئے شہریوں کے چہروں پر بھی تازگی کا احساس نظرآرہاہے،کوئٹہ کے علاوہ بارشوں اور ہلکی برفباری کا سلسلہ چمن، زیارت،مستونگ، قلات، نوشکی، احمدوال، پشین، مسلم باغ ، ہرنائی ،ژوب سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بھی جاری رہا، جبکہ خاران اور گردونواح میں بارش کے علاوہ ژالہ باری بھی ہوئی،ان علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے،کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر درجے جبکہ قلات میں نقطہ انجماد سے پانچ درجے اور دالبندین میں ایک درجے سنٹی گریڈ نیچے گرگیاہے،محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی کوئٹہ ، قلات اورژوب ڈویژنوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں :