06 فروری ، 2014
اسلام آباد…صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کے تنقیدی کردار کا احترام کرتی ہے اور میڈیا کی مکمل آزادی پر یقین بھی رکھتی ہے۔ صدر کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات سے ملک میں امن و استحکام اور خوشحالی آئے گی۔صدر مملکت ممنون حسین سے پریس کونسل آف پاکستان کے وفد نے شفقت خان عباسی کی سربراہی میں ملاقات کی ۔ صدر نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی ، میڈیا ملک کی سماجی و معاشی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس سے پہلے صدر مملکت نے یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا ،کو پاکستان کی ثقافت اور وادی سندھ کی تہذیب کو فروغ دینے پر ہلال پاکستان ایوارڈ عطا کیا۔صدر نے یونیسکو کی پاکستان میں خدمات کو بھی سراہا۔