11 فروری ، 2014
اسلام آباد…حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ حکومت کمیٹی کے کوآرڈینیٹرعرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی وزیراعظم سے ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس میں کمیٹی نے وزیراعظم کو اب تک کی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ طالبان کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو امن کی ضرورت ہے، کمیٹی اپنا کام سنجیدگی اور جانفشانی سے جاری رکھے،دہشت گردی کی کارروائیاں رکنی چاہییں۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات نتیجہ خیز ہونے کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گرد کارروائیاں بند ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں طالبان سے مذاکراتی عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔