12 فروری ، 2014
اسلام آباد…طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے قائم حکومتی اور طالبان کمیٹیز کے مشترکہ اجلاس کو بتایا گیاہے کہ طالبان کھلے ذہن سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں اوران کی بھی خواہش ہے کہ قوم کوجلدخوش خبری سنائیں۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق حکومتی اور طالبان کمیٹیز کا مشترکہ اجلاس اسلام آبادمیں میجر(ر) عامر کی رہائش گا ہ پرہوا۔ طالبان کمیٹی کے ارکان مولانا سمیع الحق، پروفیسر ابراہیم اور کوآرڈینیٹر یوسف شاہ جبکہ حکومتی کمیٹی کی طرف سے عرفان صدیقی، میجر عامر اور رستم شاہ شریک ہوئے۔ سرکاری اعلامیے میں کہاگیاہے کہ طالبان شوریٰ نے حکومتی کمیٹی کے نکات پر مثبت اور حوصلہ افزاء جواب دیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق مشترکہ اجلاس میں طالبان کمیٹی کی رپورٹ کو اطمینان بخش قرار دیا گیا اور کہا گیا ہے کہ آئندہ نشست میں تمام متعلقہ امور اور تجاویز پر تفصیلی مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔