12 فروری ، 2014
کراچی …اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنی اداکاری سے دنیا ئے فلم میں اپنی الگ شناخت بنائی ، 40 سال کے شاندار فلمی کیرئر کی کہانی چند لمحوں میں سنانا ممکن نہیں۔1974ء میں ہدایت کار شیام بنیگل کی پہلی فلم انکور سامنے آئی تو اس میں ایک نئی لڑکی شامل تھی۔ شبانہ اعظمی جو اپنی پہلی ہی پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ لے اڑی،اس پرفارمنس پر انہوں نے ستیہ جیت رے تک سے داد وصول کی۔ اس کے بعد 80 کی دہائی میں انہیں مسلسل تین مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ ملا۔ فلم آرتھ نے فلمی نقادوں سے بھرپور داد وصول کی۔ اگلے ہی سال فلم کھنڈر پر انہیں نہ صرف ایوارڈ ملا بلکہ یہ فلم کانز فلمی میلے میں بھی پیش کی گئی۔اداکارائیں اپنا وزن کم کرنے کے لیے کوشاں ہوتی ہیں۔ لیکن فلم منڈی میں کردار کے لیے انہیں اپنا وزن بڑھانے کو کہا گیا تو وہ اس پر بھی آمادہ ہو گئیں۔فلم واٹر کے لیے شبانہ کو اپنا سر منڈانا پڑا تو انہوں نے اپنے بالوں کی قربانی بھی دے ڈالی۔فلم معصوم میں انہوں نے ایک ایسی ماں کا کردار ادا کیا جس کی مامتا بن ماں کے ایک ایسے بچے کے لیے بھی جاگ پڑتی ہے جو اس کی سوتن کا بیٹا ہے۔متوازی اور آرٹ فلموں کے ساتھ ساتھ انہوں نے کمرشل فلموں میں بھی کام جاری رکھا۔شبانہ اعظمی نے فلموں کے علاوہ ذاتی زندگی میں بھی سماجی معاملات پر کھل کر رائے ظاہر کی اور آج وہ بھارت کی اہم سماجی رہ نما بھی مانی جاتی ہیں۔