کاروبار
12 فروری ، 2014

مقبوضہ کشمیر جانے والے 48 ٹرک 25 روز بعد آزاد کشمیر پہنچ گئے

مقبوضہ کشمیر جانے والے 48 ٹرک 25 روز بعد آزاد کشمیر پہنچ گئے

مظفرآباد…انٹر اکشمیر ٹریڈ کے تحت مقبوضہ کشمیر جانے والے 48 ٹرک 25 روز بعد واپس آزاد کشمیر پہنچ گئے۔ تاہم منشیات لے جانے کے الزام میں گرفتار ڈرائیور رہا نہیں کیا گیا جس پرتاجروں نے چکوٹھی کے راستے تجارت روکنے کا اعلان کیا ہے۔ سرینگر مظفر آباد تجارت 18جنوری کو اس وقت تعطل کا شکار ہوئی تھی جب مقبوضہ کشمیر انتظامیہ نے آزاد کشمیر کے ڈرائیور کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ تاہم آزاد کشمیر انتظامیہ نے منشیات اسمگلنگ کی سختی سے تردید کی تھی اور ثبوت کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاملے پر بدھ کو پاک بھارت وزارت خارجہ سطح پر مذاکرات ہوئے۔ ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم کے مطابق انٹرا کشمیر ٹریڈ کی بحالی کے فیصلے سے آزاد کشمیرحکومت کو آگاہ کردیا گیا۔ جس کے بعد آزاد کشمیر میں پھنسے 28 ٹرک مقبوضہ کشمیر واپس روانہ کردیے گئے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں پھنسے 48ٹرک بھی واپس آگئے۔ تاہم منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ڈرائیور کو قوانین کے مطابق آزاد کشمیر انتظامیہ کے حوالے نہیں کیا گیا۔ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ جب تک گرفتار ڈرائیور کو رہا نہیں کیا جاتا، چکوٹھی کے راستے تجارت نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں :