12 فروری ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش اورآرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے تشددکے نتیجے میں ایم کیوایم نارتھ کراچی سیکٹرکے کارکن محمدعادل کی شہادت کے واقعہ کی شدیدمذمت کی اوران کی شہادت پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن کے نام پر ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدرد مہاجروں کو ریاستی ظلم وبربریت کانشانہ بنایاجارہا ہے۔ انہیں گرفتارکرکرکے سرکاری ٹارچرسیلوں میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاجارہاہے، انہیں ماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے ،گرفتارکرکے لاپتہ کیاجارہاہے۔ریاستی تشددکی حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایم کیوایم کے 11 کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیاجاچکاہے۔ڈاکٹرسلیم دانش اورآرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان نے کہاکہ ایم کیو ایم نے تین روزقبل ہی اپنے کارکن سلمان کو سپردخاک کیاہے جنہیں سرکاری اہلکاروں نے ماورائے عدالت قتل کرکے ان کی لاش شاہ لطیف ٹاوٴن کے علاقے میں پھینک دی تھی اوراب ایک اورکارکن محمد عادل کوحراست کے دوران سفاکانہ تشددکانشانہ بناکر شہیدکردیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ٹارگٹڈآپریشن کے نام پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور کارکنوں کوبالخصوص اور ہمدرد مہاجروں کوبالعموم ریاستی تشدد کانشانہ بنایاجارہاہے ۔ انہوں نے صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف،آرمی چیف راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیرالاسلام، وزیرداخلہ چوہدری نثار اوروفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ محمد عادل شہیداوردیگرشہیدکارکنوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف کارراوئی کرکے اداروں کے مظالم بندکرائے جائیں ۔