پاکستان
12 فروری ، 2014

طالبان نے حالیہ دھماکوں سے اظہار لاتعلقی،سیز فائر پر اتفاق کیا :رستم شاہ مہمند

طالبان نے حالیہ دھماکوں سے اظہار لاتعلقی،سیز فائر پر اتفاق کیا :رستم شاہ مہمند

اسلام آباد…حکومتی رابطہ کار کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہ طالبان نے سیز فائر پر اتفاق کیا ہے، ان کے کچھ مخالفین مذاکرت کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ طالبان کے تمام اصل گروپ مذاکرات کے حامی ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکومتی رابطہ کار کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا کہ طالبان سے امن مذاکرات کا عمل ایک مشکل سفر ہے جس میں مشکلات پیش آئیں گی، کوئی بھی بات پاکستان کے آئین سے باہر نہیں کی جائے گی، طالبان نے سیزفائر پر اتفاق کر لیا ہے۔ رستم شاہ مہمند کا کہنا تھا کہ طالبان نے ابھی تک شریعت کے نفاذ کے معاملے پر کوئی بات نہیں کی، ماضی کے معاہدوں میں بھی ایسا کوئی مطالبہ نہیں تھا، ابھی رابطہ کمیٹیز مل رہی ہیں، طالبان کی قیادت سے بھی مل بیٹھنے کا پروگرام ہے، طالبان سے جو بات ہوئی ہے اس میں شریعت کے نفاذ پر بات نہیں ہوئی، کسی ایک گروپ کے ایجنڈے کا نفاذ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ رستم شاہ مہمند نے کہا کہ طالبان اسلام آباد نہیں آ سکتے ان کی جان کو خطرہ ہے، وہ پہلے بھی مذکرات کے لیے آئے تھے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا، اب وہ یقین دہانی چاہتے ہیں۔ رستم شاہ مہمند کا کہنا تھا کہ مذاکرات صرف تحریک طالبان پاکستان سے ہی ہوں گے اور کسی گروپ سے نہیں۔ طالبان کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے تمام اصل گروپوں نے مذاکراتی عمل کی حمایت کی ہے، کوئی گروپ مذاکرات کے خلاف ہوتا تو مخالفت سامنے آ جاتی، توقع ہے کہ جلد فائر بندی ہو جائے گی۔ پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ حکومتی کمیٹی جب چا ہے، اس کی ملاقات طالبان سے کرادیں گے۔

مزید خبریں :