12 فروری ، 2014
اسلام آباد…سینیٹ میں اپوزیشن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ایوان میں آئیں اور خود سے منسوب اس بیان کی وضاحت کریں کہ طالبان کے خلاف کارروائی میں کامیابی کے امکانات صرف 40فیصد ہیں۔ چیئرمین نیئرحسین بخاری کی زیرِصدارت سینیٹ اجلاس میں طالبان سے مذاکرات اور عمران خان کا جیونیوز کو دیاگیا حالیہ انٹرویو موضوع بحث رہا۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ عمران خان نے جیو نیوز کے پروگرام ”کیپیٹل ٹاک“ میں اہم انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نے طالبان کے خلاف کارروائی پر صرف 40فیصد کامیابی کا امکان ظاہر کیا۔ عمران خان کے مطابق اس اجلاس میں وہ خود، وزیر اعظم اور سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی بھی موجود تھے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ کیا طالبان سے مذاکرات کرنا ”ہاف سرنڈر“ ہے؟ وزیراعظم سینیٹ کا بائیکاٹ ختم کردیں اور ایوان میں آکر خود سے منسوب بیان کی وضاحت کریں۔ اپوزیشن لیڈر اعتزازاحسن نے کہاکہ 12 فروری ہو چکی، وزیراعظم ایک مرتبہ بھی سینیٹ نہیں آئے، وزیراعظم ایوان میں آ کر ملک کی دفاعی صلاحیت کے بارے میں وضاحت کریں۔ سینیٹر افرسیاب خٹک نے کہاکہ چنددنوں سے مذاکرات کا سرکس چل رہا ہے اور ریاست کے ساتھ کھلواڑ جاری ہے، وزیراعظم وضاحت کریں کہ کیا ملک کا دفاع اتنا کمزور ہو چکا ہے۔ ایم کیوایم کے بابر غوری نے کہاکہ کیا کل اس ایوان میں قائد اعظم کی تصویر کے بجائے مولوی فضل اللہ کی تصویر لگے گی؟ سینیٹر بابر غوری کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم ایسا کہہ رہے ہیں تو ملک کا تحفظ کون کرے گا؟ قائد ایوان راجا ظفرالحق نے کہاکہ اجلاس ہوا تھا تو اندر باتیں کیا ہوئیں؟ کوئی نہیں جانتا، عمران خان کے بیان کی تصدیق کی ضرورت ہے۔