پاکستان
21 فروری ، 2014

کراچی: سو کلو گرام دھماکاخیز مواد سے بھری گاڑی پکڑی گئی، 3ملزمان گرفتار

کراچی: سو کلو گرام دھماکاخیز مواد سے بھری گاڑی پکڑی گئی، 3ملزمان گرفتار

کراچی…کراچی کے علاقے ماڑی پور میں وفاقی حساس ادارے اور سی آئی ڈی نے مشترکہ کارروائی کر کے بارود سے بھری گاڑی برآمد کر کے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق برآمد کی گئی گاڑی کسی اہم سیاسی شخصیت یا پولیس افسر کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کی گئی تھی۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر ماڑی پور میں سی آئی ڈی کے ہمراہ کارروائی کی گئی جس میں دھماکا خیز مواد سے بھری ایک تیار گاڑی کو پکڑ لیا گیا۔ گاڑی میں ایک سو کلوگرام سے زائد دھماکا خیز مواد، اینٹی ٹینک مائنز اور آکسیجن سلنڈر لگائے گئے تھے جسے ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے منسلک کیا گیا تھا۔ موقع سے تین اہم ملزمان ہمایوں، سعید ایوب اور عمر فاروق عرف فرید اللہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ سی آئی ڈی افسران کا کہنا ہے کہ فرید اللہ دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی تیار کرنے کا ماہر سمجھا جاتا ہے جبکہ عباس ٹاؤن دھماکے میں بھی ملوث ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق ملزمان اس گاڑی کے ذریعے اہم سیاسی شخصیت یا پولیس افسرکو نشانہ بناتے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جس گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا وہ ایک رفاحی ادارے کی تھی جسے 9 فروری کو سچل کے علاقے سے چھینا گیا تھا، اس گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی تھی اور جعلی نمبر پلیٹ کی لکھائی اس نمبر پلیٹ سے ملتی جلتی ہے جو نیشنل ہائی وے پر اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی بس پر دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی تھی۔

مزید خبریں :