21 فروری ، 2014
گوجرانوالہ …گوجرانوالہ کے علاقے کوٹ میتلہ میں پسند کی شادی کرنے والی کی موت کے حوالے سے اس کے شوہر نے الزام عائد کیا ہے کہ لڑکی کو اس کے گھر والوں نے زہر دے کر قتل کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے لڑکی کی قبر کشائی کا حکم دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو مبینہ طور پر گھروالوں نے زہر دیکر قتل کرنے کے بعد موت طبعی ظاہر کردی۔ شوہر کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔ گوجرانوالہ کے رہائشی کاشف علی نے عدالت میں درخواست دی کہ پسند کی شادی پر ناراض اس کی اہلیہ کے گھروالوں نے اسے بہانے سے بلانے کے بعد زہر دے کر قتل کردیا۔ بعد میں طبعی موت ظاہر کرکے اس کی تدفین کردی گئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کے حکم پر کل خاتون کی قبرکشائی کی جائے گی اور پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا۔ تھانہ تتلے عالی میں لڑکی کے والد اور بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔