22 فروری ، 2014
سکھر…قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طالبا ن سے مذاکرات کی کوئی افادیت نہیں رہی ، حکومت اب ایکشن لے،اگر حکومت نے اس وقت دہشتگردی کے خلاف ایکشن نہیں لیا ، تو حکمرانوں کے اقتدار اور ملک کو شدید نقصان پہنچے گا۔سکھر میں جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ طالبان کے خلاف حالیہ فضائی حملے عسکری قیادت نے جوانوں کی ہلاکت پرکیے گئے، حساس اداروں کو طالبان کے ٹھکانوں کا علم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ میں دہشت گردی ہورہی ہے ۔اگر حکومت نے دہشت گردی کے خلاف ایکشن نہیں لیا تو حکمرانوں کے اقتدار اور ملک کو نقصان پہنچے گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے 3 نومبر کا اقدام چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے کیا تھا۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ حکومت پر سنگین الزامات لگانے کے بعد بھی اگر حکومت میں شامل ہونا چاہتی ہے تو ہمارے دروازے ان کے لئے کھلے ہیں۔