22 فروری ، 2014
کراچی…کراچی آرٹس کونسل میں سجا بچوں کا ادبی میلہ، میلے کے آخری روز بچوں کی خوب مستی جاری ہے۔ کتابوں سے دوستی کے ساتھ امن کے رنگ بھی خوب بکھر رہے ہیں۔ کتابیں، کہانیاں، پینٹنگ، تھیٹر اور خوب موج مستی، یہ سب اگر ایک جگہ ہوں تو بچے کیسے لطف اندوز نہ ہوں۔ کراچی میں جاری تین روزہ بچوں کے ادبی میلے میں ہزاروں بچے شریک ہیں۔ میلے میں آئے بچے جہاں کتابوں کا اپنا دوست بنارہے ہیں، وہیں رنگوں سے امن کے پیغام کو اجاگر بھی کیا جارہا ہے۔ بچوں کو تعلیم کے ساتھ اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع اس میلے میں ملا ہے جس پر وہ بہت مسرور نظر آرہے ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ بچوں میں مطالعے کی عادت کو وسیع اسی صورت میں کیا جاسکتا ہے جب کتابیں سستی اور معیاری ہوں۔رنگوں سے سجا، علم کے خزانوں سے بھرا یہ میلہ بچوں کیلئے ایک یادگار تفریح ہے جہاں انہیں کتابوں کی صورت میں نئے دوست بھی ملے ہیں۔ کتاب سے بڑھ کر کوئی دوست نہیں، بچوں کے ادبی میلے نے کتابوں کو بچوں کا نہ صرف دوست بنانے میں مدد دی بلکہ انہیں تفریح کے مواقع بھی فراہم کئے، طلباء کا کہنا ہے کہ ایسے میلوں کا انعقاد سال میں ایک بار نہیں بار بار ہونا چائیے تاکہ انہیں زیادہ سے زیاہ پڑھنے اور سیکھنے کو ملتا رہے۔