23 فروری ، 2014
کراچی …ملک کے بالائی علاقوں میں گزشتہ چند دنوں سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور سردی زوروں پر ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے بالائی علاقوں خصوصاً ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ دو دن سے جاری ہے ا ب بھی سیاحوں کی بڑی تعداد تفریح کا مزا لینے کے لئے موجود ہیں۔اس کے علاوہ ایبٹ آباد، اسکردو، پاراچنار، ڈی جی خان، خیرپور اور مانسہرہ میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقے جن میں دیامر، استورمیں برف باری کی وجہ سے ذرائع نقل و حمل متاثر ہورہے ہیں، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں وادی زیارت کوہ سلیمان کے پہاڑوں پر برف باری اور بعض علاقوں میں بارش کے بعد سے ایک بار پھر شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ سردی کے باعث انگیٹھیوں کے استعمال میں بھی دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے، بعض علاقوں میں آج بھی مطلع ابرآلود ہے۔سندھ، پنجاب میں موسم اب بھی ہلکا سر د ہے۔ادھرمحکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔