23 فروری ، 2014
کوہاٹ…کوہاٹ میں پشاورچوک پردھماکے میں 12 افرادجاں بحق اور16 زخمی ہوگئے۔ دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز دورتک سنی گئی۔خیبرپختونخوا ایک بار پھر نشانہ پر،اس بار دہشت گردوں نے نشانہ بنایا ضلع کوہاٹ، وقت تقریباً ڈیڑھ بجے، پشاورچوک کے قریب گرلز کالج سے متصل سڑک پر اچانک دھماکا ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم سڑک کنارے نصب تھا اور دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دورتک سنی گئی۔ واقعے کے بعد مقامی افراد اور سیکورٹی فورسز نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا۔ دھماکے کی جگہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے اہم ترین مقام تصور کی جاتی ہے جہاں ایک طرف گرلز کالج ہے تو قریب ہی کوہاٹ قلعہ واقع ہے۔ سیکورٹی فورسز کیلئے سپلائی لائن اورگودام بھی اس چوک کے قریب واقع ہے۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مشتبہ اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی جاری ہے۔