23 فروری ، 2014
لاہور…کل کا سورج پاکستان کے لیے دو عالمی اعزازات کا پیغام لے کرطلوع ہوگا۔ دو لاکھ پاکستانی قومی ترانہ پڑھنے اور قومی پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ریہرسل کے دوران طلبا ہی نہیں حکومتی شخصیات میں بھی جوش اورولولہ دیکھنے میں آیا۔ یہ جوش یہ ولولہ اور عزم صرف وزیرکھیل اور اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ میں ہی نہیں سبھی میں موجزن ہے۔عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے سب بیتاب، وقت کا بے چینی سے انتظار،پنجاب یونیورسٹی کا کرکٹ گراوٴنڈ رنگ برنگی دو لاکھ کرسیوں اورپرچموں سے سج گیا۔لائٹس اور جنریٹرز بھی نصب۔ چار عارضی اسپتال، ڈاکٹروں کے ساتھ 64ریسکیو موبائل ٹیمیں اور سول ڈیفنس اہلکار بھی موجود، ہر قسم کے حالات کیلئے سارے انتظامات مکمل ہوگئے۔ لاہور میں میگا ایونٹ کے لیے ٹریفک پلان تیار کرلیا گیا۔ فیصل ٹاوٴن سے برکت مارکیٹ تک ٹریفک مکمل بند ہوگا۔ ملحقہ سڑکوں پر بھی ٹریفک کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کا 600اہلکاروں کا عملہ صفائی ستھرائی پر مامور ہے،12ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور رضاکار بھی متعین کیے گئے ہیں۔ پاکستانی نوجوان کل دو عالمی ریکارڈز قائم کر کے دنیا کو یہ بتا دیں گے کہ وہ کوئی بھی چیلنج قبول کرنے اور اسے پورا کرنے میں کسی سے کم نہیں۔