03 اپریل ، 2012
اسلام آباد… گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش اوربرفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے،جبکہ ملک کے میدانی علاقوں میں موسم قدرے تبدیل ہوتا جارہا ہے اور گرمی کی شدت نے زور پکڑنا شروع کردیا ہے،گلگت بلتستان کے بیشترعلاقوں میں موسم ابرآلودہے،غذر ، استور اور چلاس کے پہاڑوں پر برفباری اور نشیبی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔۔ ہزارہ ڈویژن کے بیشترعلاقوں میں 24 گھنٹے تک موسم ابرآلود رہنے کے بعدآج دھوپ نکل آئی ہے،جبکہ گزشتہ رات کوہستان اوربٹ گرام کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، کوہاٹ اور مالاکنڈ ڈویژن سمیت آزادکشمیر اور مری میں موسم خوشگوار ہے، جبکہ شمالی بلوچستان میں خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔ہر بڑھتے ہوئے دن کے ساتھ ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت نے بھی زور پکڑنا شروع کردیا ہے، گزشتہ روز مٹھی ملک کا گرم ترین علاقہ رہا،جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا،،اسی طرح تربت اور چھور میں 41، لسبیلہ میں 40، حیدرآباد، بدین اور سبی میں 39 ، بہاول نگر میں 38 جبکہ جیکب آباد، لاڑکانہ اور کراچی میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد میں 33، لاہور میں 36، پشاور میں 31، اور کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔