27 فروری ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن رشیدگوڈیل نے مسلم لیگ ن کے ایک رہنماکی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف آرٹیکل 6کامقدمہ درج کرنے کے شوشہ کومضحکہ خیزقراردیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ عجب مذاق ہے کہ طالبان جو کھل کرریاست کی رٹ کوچیلنج کررہے ہیں اورآئین پاکستان کومستردکرکے اس کی دھجیاں اڑارہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کے بجائے حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے،ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین نے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمہ اورملک کو بچانے کیلئے ایک حقیقت پسندانہ بات کی ہے تومسلم لیگ ن کے ایک رہنما ایم کیوایم کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ قائم کرنے کی بات کررہے ہیں۔ رشیدگوڈیل نے کہاکہ پاکستانی فوج، ایف سی،رینجرزاورپولیس کے افسران واہلکارشہیدہورہے ہیں، ملک کے معصوم عوام ، صحافی، تاجر دہشت گردی کانشانہ بن رہے ہیں لیکن آرٹیکل 6کے پروا نے اس قتل عام پرخاموش بیٹھے ہوئے ہیں اورسیکوریٹی فورسز اورعوام کودہشت گردی کانشانہ بنانے اورپاکستان کی رٹ کوپیروں تلے روندنے والے اورآئین کویکسرمستردکرنے والے طالبان دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کرنے کے بجائے ایم کیوایم پر اپنازوردکھارہے ہیں۔ رشیدگوڈیل نے کہاکہ مذکورہ رہنما ایم کیوایم کے خلاف شوشے چھوڑنے کے بجائے ان طالبان کے خلاف کارروائی کریں جوریاست کی رٹ کاکھلامذاق اڑارہے ہیں۔