27 فروری ، 2014
میرپورخاص…میرپورخاص میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے الزام میں 8افراد کو گرفتار اور غفلت برتنے پر2 ایس ایچ اوز کو معطل کردیاگیا۔ میرپورخاص میں حیدرآباد روڈ پر واقع شادی ہال میں برات کی آمد پر زبردست ہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس دوران گولیاں لگنے سے2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ بلاول آرائیں اور 40سالہ غلام مصطفی کے ناموں سے ہوئی ہے۔بلاول شادی کی وڈیو بنانے والا جبکہ غلام مصطفی دولہا کا قریبی عزیز بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے کارروائی کے دوران فائرنگ کے الزام میں8افراد کو گرفتار کرکے ایک ٹی ٹی پستول بھی برآمد کرلیا گیا ۔ جبکہ ایس ایس پی میرپورخاص نے فرائض سے لاپرواہی کے الزام میں مہران اور ٹاوٴن تھانوں کے ایس ایچ اوز کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔