27 فروری ، 2014
کراچی…کراچی میں فائرنگ کے واقعہ میں ممتاز عالم دین پروفیسر تقی ہادی نقوی جاں بحق ہوگئے۔پروفیسر تقی ہادی نقوی آج دوپہر بورڈ سیکنڈری بورڈ آفس سے گھر جانے کے لئے رکشہ میں سوار ہوئے تھے کہ ،موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی ،جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ان کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔تقی ہادی فلاحی ادارے جے ڈی سی میں شعبہ تعلیم کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی بورڈ زمیں امتحانی امور اور مشاورتی کمیٹی کے رکن بھی تھے، مرحوم ممتاز عالم دین ، عربی زبان کے عالم اور اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے۔ دھیمے لہجے میں گفتگو کر نے والے پروفیسر تقی ہادی جیو ٹی کے مقبول پروگرام عالم آن لائن میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے پرفیسر تقی ہادی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ان کی شہادت قوم اور ملت کے لئے عظیم نقصان ہے۔