27 فروری ، 2014
اسلام آباد…وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی نے الزام عائد کیاہے کہ جمشید دستی مظفرگڑھ پاور پلانٹ میں سرکاری تیل چوری کرنے والے گروہ کاسرغنہ ہے، اب بوکھلاہٹ کا شکار ہوکرمنتخب ارکان پارلیمنٹ پر بے ہودہ الزامات لگارہاہے۔ جیونیوز سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی نے کہاکہ انہوں نے چند روز قبل خود مظفرگڑھ پاور پلانٹ کا دورہ کرکے بڑے پیمانے پر تیل چوری پکڑی، اس دوران انکشاف ہوا کہ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی اس پاور پلانٹ کا تیل اپنے ٹرکوں پر چوری کراتا ہے اور بدمعاش گروہ کا سربراہ ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ملتان اور مظفرگڑھ میں بجلی چوری میں بھی جمشید دستی کے ملوث ہونے کا پتہ چلا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کو ارکان پارلے منٹ پر الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہئے تھا، پارلیمنٹ لاجز میں خواتین ارکان بھی رہتی ہیں، ایسے الزامات لگانے پر جمشید دستی کو شرم آنی چاہئے۔ عابدشیرعلی نے کہا کہ وہ جمشید دستی کے دیگرکارناموں سے جلد پردہ اٹھائیں گے۔